بجلی بحران پر قابو نہیں پایا جاسکا،شہروں میں بارہ اور دیہات میں اٹھارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ۔

پیپکوحکام کے مطابق اس وقت ملک میں بجلی کی طلب چودہ ہزار سات سو چونتیس جبکہ پیدوار دس ہزار نو سو چونتیس میگاواٹ ہے۔ہائیڈل ذرائع سے دوہزار پانچ سو انہتر،تھرمل سے ایک ہزار آٹھ سو باسٹھ اورآئی پی پیز سے پانچ ہزار سات سو تراسی میگاواٹ بجلی حاصل کی جارہی ہے جبکہ کے ای ایس سی کو سات سو بیس میگاواٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے۔شارٹ فال تین ہزار آٹھ سو میگاواٹ ہونے کے بعد شہروں میں بارہ جبکہ دیہات میں اٹھارہ گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جس کے نتیجے میں معمولات زندگی شدید متاثر ہورہے ہیں۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس او کی جانب سے مطلوبہ مقدار میں تیل فراہم نہ کرنے اور ڈیموں میں پانی کی کمی سے باعث بجلی کی پیداوار شدید متاثر ہورہی ہے اور شارٹ فال پانچ ہزار میگاواٹ تک پہنچ چکا ہے۔