کراچی کاعلاقہ لیاری دوسرے روزبھی میدان جنگ بنا رہا،پولیس اورمورچہ بندافرادمیں فائرنگ کاتبادلہ، دستی بم اور راکٹ حملے ، کاروبارزندگی معطل
کراچی کا علاقہ لیاری پولیس اور مشتعل مظاہرین کے درمیان میدان جنگ بن چکا ہے۔ علاقہ مسلسل آگ اور دھویں کی لپیٹ میں ہے۔ مسلح افراد اور پولیس کے درمیان جھڑپوں اور مورچہ بند فائرنگ کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا ۔ مسلح افراد گلیوں اور چھتوں پر چھپ کر پولیس پر فائرنگ کر رہے ہیں۔ لی مارکیٹ،آٹھ چوک،چیل چوک،چاکیواڑہ،بکرا پیڑی اورمیراں ناکہ سمیت پیپلز پارٹی کے گڑھ سمجھے جانے والے لیاری میں کاروبار زندگی گذشتہ روز سے عملا معطل ہے۔ لیاری میں ہنگامہ آرائی کا آغاز چاکیواڑہ روڈ پر پولیس موبائل پر پٹرول بم پھینکنے سے ہوا جس کے بعد مظاہرین نے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی جبکہ لی مارکیٹ میں مشتعل مظاہرین نے پولیس کی گاڑیوں پر پتھراؤ بھی کیا۔ کشیدگی کے باعث دکانیں اوربازار بند ہیں جبکہ خوف کے مارے لوگ گھروں میںمحصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ پولیس نے شرپسندوں کو منتشر کرنے کے لئے ہوائی فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی تاہم اضافی نفری کے باوجود صورتحال قابو سے باہر ہے۔ ہنگامہ آرائی کا یہ سلسلہ دوپہرکواس وقت مسلح مقابلے میں تبدیل ہوگیا جب مختلف گلیوں اور چھتوں پر چھپے شرپسندوں نے پولیس پر فائرنگ کردی۔پولیس اور شرپسند آمنے سامنے مورچہ بندی کئے ایک دوسرے کو نشانہ بنا رہے ہیں اور لیاری کی سڑکیں گینگ وار کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ شرپسندوں نے فائرنگ کے علاوہ پولیس پر ہینڈ گرنیڈ اور راکٹ بھی پھینکے۔ چاکیواڑہ میں ایک گھر کو آگ لگا دی گئی ۔ حالات صرف لیاری میں ہی خراب نہیں ہیں لانڈھی اور کھارادر میں بھی صورتحال کشیدہ ہے ۔ شرپسندوں نے فائرنگ کر کے زبردستی دکانیں بند کروا دیں ۔ ادھر تین ہٹی سے رنچھوڑ لائن تک بھی صورتحال قابو سے باہر ہے ۔