وزیراعظم نےیمن سے آخری پاکستانی کی واپسی تک کوشش جاری رکھنے کی ہدایت کر دی, پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 6 اپریل کو طلب
یمن کی صورتحال اور سعودی عرب کی سلامتی کو لاحق خطرات سے نمٹنے میں پاکستان کے کردار سے متعلق اہم اجلاس وزیراعظم کی صدارت میں ہوا جس میں وفاقی وزراء اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان کے علاوہ دیگر حکام نے شرکت کی۔سعودی عرب کا دورہ کرنے والے وفد کے سربراہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے اجلاس کے شرکاء کوتفصیلی بریفنگ دی۔ ترجمان وزیراعظم ہاوس کے مطابق اجلاس میں یمن میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلا سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم نے آخری پاکستانی کی واپسی تک کوشش جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان کی سلامتی پہلی ترجیح رہے گی۔ سعودی عرب کے ساتھ ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں۔ سعودی عرب کی سلامتی کو کوئی خطرہ لاحق ہوا تو پاکستان خاموش نہیں رہے گا۔ اجلاس میں یمن میں متحرک فریقین پر زور دیا گیا کہ معاملہ پرامن طریقہ سے حل کیا جائے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کوئی بھی فیصلہ عوامی خواہشات کو ملحوظ خاطر رکھ کر کیا جائے گا۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس چھ اپریل کو طلب کیا جائے گا جس میں یمن صورتحال پر بات کی جائے گی۔