جس ملک کے حکمران چوری کریں وہاں کے عوام خوشحال نہیں ہوسکتے، عمران خان
لاہور میں دوسرے روز مختلف مقامات پر لگائے گئے رکنیت سازی کیمپوں کے دوروں کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پنجاب کا آدھا بجٹ لاہور پر خرچ کیا جارہا ہے۔ پل اور بڑی بڑی عمارتیں بنا کر شہر کا حسن برباد کردیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ملک میں ایک ایسا ہسپتال نہیں کہ حکمران ٹولہ اپنا علاج وہاں سے کروا سکے۔ پورا شریف خاندان علاج کی غرض سے لندن آتا جاتا رہتا ہے۔ انتیس اپریل کے جلسے میں نواز شریف کو بتائیں گے کہ انہیں کیوں نکالا،عمران خان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس نے اشتہاری مہم سے شہباز شریف کی تصاویر ہٹانے کا حکم اس لئے دیا کہ یہ اس لائق نہیں کہ ترقیاتی منصوبوں پر ان کی تصاویر لگائی جائیں۔ تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ سوات دہشت گردی کا گڑھ تھا، یہ کے پی کے پولیس کا ہی کارنامہ ہے کہ انہوں نے اس علاقے کو امن کا گہوارہ بنایا اور نواز شریف وہاں جلسہ کرنے کے قابل ہوئے،اس سے قبل عمران خان نے یوحنا آباد میں ممبر سازی کیمپ کے دورے کے موقع پر مسیحی برادری کے ساتھ ایسٹر کا کیک کاٹا اور انہیں اس مذہبی تہوار کے حوالے سے مبارکباد دی