سیاحت کا فروغ،برسلز میں پاکستانی سفارتخانہ میں گوشہ معلومات کاقیام
برسلز میں پاکستانی سفارتخانے نے ملک کے سیاحتی مقامات کو اجاگر کرنے کیلئے ایک سیاحتی معلوماتی کار نر قائم کیا ہے۔انسانی حقوق کی وزیر ڈاکٹرشیریں مزاری نے برسلز میں کارنر کا افتتاح کیا۔
کارنر کی افتتاحی تقریب میں بیلجیم اور یورپ سے سینئر سیاستدانوں، ماہرین تعلیم، سفر نامہ نگاروں، ٹور آپریٹرز اور مختلف ممالک کے سفیروں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سیاحوں کو پاکستان کی جانب متوجہ کرنے کیلئے کارنر میں کتابیں اور پمفلٹ رکھے گئے ہیں۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں شیریں مزاری نے کہا کہ حکومت ملک میں پائیدار بنیادوں پر سیاحت کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ ویزہ پالیسی میں نرمی پرعملدرآمد اور شمالی علاقوں کے مختلف مقامات پر جانے کیلئے اجازت نامہ لینے جیسی پابندیوں کا خاتمہ ایسے اقدامات ہیں جن سے پاکستان میں آنے والے سیاحوں کو سہولت ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وسیع اور متنوع ثقافتی ورثے اور بے مثال قدرتی خوبصورتی اجاگر کرکے پاکستان کے بارے میں غلط تاثر کو زائل کرنا ضروری ہے۔اس موقع پر مشہور کوہ پیما پالHegge نے شرکاء کو اپنے دورہ پاکستان اور دنیا کی دوسری سب سے بلند لیکن مشکل ترین چوٹی کے ۔ٹو کو سر کرنے کے حوالے سے اپنے خوشگوار تجربے کے بارے میں بتایا۔
انہوں نے پاکستان کے تنوع اور لوگوں کی گرمجوشی اور غیر ملکیوں کی مدد کرنے کے جذبے کی تعریف کی۔تقریب کے دوران غیر ملکی سیاحوں کے تاثرات سمیت پاکستان میں سیاحت کے مختلف پہلوئوں کو اجاگر کرتی ہوئی کئی دستاویزی فلمیں بھی دکھائی گئیں۔