بلاول بھٹو کی عوام سےلاک ڈاؤن کے حکومتی فیصلے پر مکمل عمل درآمد کی اپیل
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نوڈیرو ہاؤس لاڑکانہ پہنچے جہاں انہوں نے کورونا سے بچاؤ کے اقدامات پر بریفنگ لی۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ڈسٹرکٹ لاڑکانہ اور ڈسٹرکٹ قمبر شہداد کوٹ کی کورونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات کرنے والی کمیٹیوں کے افراد سے ملاقات کی جس میں بلاول بھٹو زرداری کو سہیل انور سیال نے ڈسٹرکٹ لاڑکانہ میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کیاجبکہ برہان چانڈیو نے ڈسٹرکٹ قمبرشہدادکوٹ میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ میں اس بحران کے وقت میں پورے سندھ سمیت اپنے انتخابی حلقے کے عوام کے ساتھ کھڑا ہوں،میں لاڑکانہ اور قمبر شہداد کوٹ کے لوگوں کو اس کڑے وقت میں تنہا نہیں چھوڑوں گا۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عوام سےلاک ڈاؤن کے حکومتی فیصلے پر مکمل عمل درآمد کی اپیل کر دی۔ان کا کہنا تھا کہ عوام لاک ڈاؤن کے حکومتی فیصلے پر مکمل عمل درآمد کریں،سماجی فاصلہ اختیار کرکے ہی ہم کورونا وائرس کی وبا کا مقابلہ کرسکتے ہیں،پوری دنیا ایک سخت وقت سے گزررہی ہے، ہماری ترجیح زندگیوں کو بچانا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 2ہزار 291 ہےجبکہ ایک ہزار 16افرادمختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں،9افراد وینٹی لیٹر پر ہیں جن کی حالت تشویشناک ہے،آزاد کشمیر 9،بلوچستان 169،گلگت بلتستان میں 187 کیسز ہیں،اسلام آباد میں 62، کے پی 276 پنجاب میں 845 اور سندھ میں 743 کیسز ہیں،کورونا وائرس کے 107 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں جبکہ پاکستان میں کورونا وائرس سے 31 اموات ہو چکی ہیں۔