پیپلز پارٹی کے سینیٹ اپوزیشن لیڈر بننے پر پی ڈی ایم کو خطرہ ہوسکتا ہے۔ رانا ثنا ء اللہ
پاکستان مسلم لیگ( ن) پنجاب کے صدررانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے سینیٹ اپوزیشن لیڈر بننے پر پی ڈی ایم کو خطرہ ہوسکتا ہے۔ انہوںنے اپنے بیان میں کہا ہے کہ استعفوں کا آپشن بہت موثر ہے، دیگر جماعتوں کا موقف ہے کہ استعفوں کا آپشن استعمال کرنا چاہئے، پیپلزپارٹی کا نہیں ہے، پیپلزپارٹی فی الوقت استعفے دینے پر راضی نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی رائے میں استعفے دینے کا وقت ابھی نہیں آیا، استعفے کے معاملے پر بحث ہوسکتی ہے اور فیصلہ باہمی مشاورت سے ہوسکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ استعفے کے معاملے پر پی ڈی ایم میں اختلاف نہیں ، حکومت گرانے کے لیے پی ڈی ایم کے پاس ایک سے زائد آپشنز ہیں، پی ڈی ایم کی 9 جماعتیں استعفے دینے کے حق میں ہیں، پی ڈی ایم نے پہلے بھی جلسے، ریلیوں کا انتخاب کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ استعفے کی بنیاد پر پی ڈی ایم کے وجود کو خطرہ نہیں، پیپلز پارٹی کے سینیٹ اپوزیشن لیڈر بننے پر پی ڈی ایم کو خطرہ ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ طعنوں پر سنجیدہ نہیں ہونا چاہیے ،نواز شریف علاج کی غرض سے بیرون ملک گئے ہیں، نواز شریف کی سرجری ہوتی ہے تو مریم نواز چاہیں گی کہ والد کے پاس ہوں۔