شہر کراچی میں کورونا وائرس سے مارچ میں 121 افراد جان کی بازی ہارے۔
محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کورونا وائرس سے مارچ میں 121 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔محکمہ صحت سندھ کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 49 اموات ضلع شرقی میں ہوئیں، جبکہ سب سے کم 2 افراد ضلع ملیر میں جاں بحق ہوئے۔محکمہ صحت سندھ نے بتایا ہے کہ ضلع وسطی میں33 اور ضلع جنوبی میں 19 افراد کورونا وائرس کی وبا سے ماہِ مارچ میں جاں بحق ہوئے۔مارچ کے مہینے میں کراچی کے ضلع غربی میں 11 اور ضلع کورنگی میں 7 افراد کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہوئے۔محکمہ صحت سندھ کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی میں کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 3 ہزار 710 افراد انتقال کر چکے ہیں،ان انتقال کرنے والوں میں 69 فیصد مرد اور 31 فیصد خواتین شامل ہیں۔واضح رہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 2 لاکھ 65 ہزار 917 ہو چکی ہے، جبکہ کل اموات 4 ہزار 504 ہو چکی ہیں۔ادھر پاکستان کورونا وائرس کی جاری تیسری لہر کے دوران مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 31 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے۔