شاہد خاقان کو مزار قائد پر جانا چاہئے تھا، لیکن وہ نواز شریف کے سیاسی مزار پر چلے گئے: شیخ رشید احمد
احمد نگر چھٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے لیگی قیادت کو ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بنایا، انہوں نے ایل این جی سکینڈل میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا بھی اعلان کی، انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان کو مزار قائد پر جانا چاہئے تھا، لیکن وہ نواز شریف کے سیاسی مزار پر چلے گئے، شہباز شریف پہلے ہی ڈان لیکس میں ملوث ہیں، حدیبیہ کیس کھلا تو شریف برادران اور ان کے بچے جیلوں میں ہونگے، ملک میں گاڈ فادر اور سیسلین مافیا انارکی پھیلانا چاہتا ہے۔شیخ رشید بولے کہ سپریم کورٹ سے ابھی ایک سیاسی تابوت نکلا ہے، ان کا اقامہ نہیں بلکہ پورا اقامہ بینک نکلے گا۔ طاہر القادری کی واپسی کا فیصلہ اچھا ہے ان سے ملاقات بھی کریں گے، عائشہ گلالئی کے عمران خان پر لگائے گئے الزامات پر ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کا موضوع نہیں۔