اٹھاؤن ٹو بی کوختم کیا گیا تو ایک اور طریقہ کار سامنے آگیا:چیئرمین سینیٹ رضا ربانی
کوئٹہ میں سانحہ سول ہسپتال کے شہداء کی یاد میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں چیئرمین سینیٹ رضا ربانی،صدراے این پی اصغرخان اچکزئی،رہنما نیشنل پارٹی نواب محمد خان اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ آئین کے تحت ریاست کی اولین ترجیح شہریوں کےجان و مال کا تحفظ ہے،حکومت سی پیک کیلئے تو سیکورٹی پلان بناتی ہے مگر اپنے شہریوں کے لئے نہیں بناسکتی۔ ملک میں جمہوریت کے لئے تمام جمہوری قوتوں نے قربانیاں دیں مگر افسوس آج پاکستان میں پارلیمان مضبوط نہیں۔۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایگزیکٹو،عدلیہ اور پالیمان کو اپنی حدود میں رہتے ہوئے کام کرنا چاہیے۔ ملک سے اٹھاؤن ٹو بی کو ختم کیا گیا تو ایک اور طریقہ کار سامنے آگیا، نہیں چاہتا اداروں میں کوئی محاذ آرائی ہو۔ جس ڈگر اور نہج پر آج ملک اور وفاق کھڑا ہے،اس میں محاذ آرائی نہیں ہونی چاہیے،تمام اداروں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ آئیں اور مل کر کام کریں۔