بنگلہ دیش کا آئندہ سال نیوزی لینڈ کے خلاف ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے سے انکار
بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے آئندہ سال نیوزی لینڈ کے خلاف ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے سے انکار کر دیا۔ طے شدہ شیڈول کے تحت بنگال ٹائیگرز نے دورہ نیوزی لینڈ کے دوران تین ٹیسٹ اور تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نظام الدین چوہدری کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ حکام نے ڈے اینڈ نائٹ میچ کھیلنے کے سلسلے میں ہم سے رابطہ کیا تھا، ٹیم مینجمنٹ اور کھلاڑیوں سے مشاورت کے بعد ہم نے انہیں جواب دیا کہ ہماری ٹیم ابھی فلڈ لائٹس میں پانچ روزہ کرکٹ کھیلنے کیلئے تیار نہیں، یہ دوسرا موقع ہے کہ بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کی ڈے اینڈ نائٹ کھیلنے کی پیشکش ٹھکرائی، بنگلہ دیش نے اس سے قبل 2016ءمیں بھی فلڈ لائٹس کی روشنی میں پانچ روزہ میچ کھیلنے سے انکار کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ سے قبل ہم بھی آسٹریلیا، انگلینڈ، پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی طرح ڈے اینڈ نائٹ فرسٹ کلاس میچز کھیلنے کیلئے حکمت عملی تیار کر رہے ہیں۔