اپوزیشن جماعتوں کے درمیان وزیراعظم، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا متفقہ امیدوار لانے پر اتفاق ہوگیا
حالیہ الیکشن نتائج کے خلاف متحدہ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس سپیکر ایاز صادق کے گھر پر منعقد ہوئی۔ اے پی سی کی صدارت صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف نے کی، جس میں مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی، ایم ایم اے اور اے این پی سمیت دیگر ہم خیال جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔اے پی سی میں انتخابات 2018میں مبینہ دھاندلی اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ تحریک انصاف کو ٹف ٹائم دینے کے لیے وزیراعظم،سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا مشترکہ امیدوار لانے کے لیے جوائنٹ کمیٹی تشکیل دی گئی۔ جوائنٹ کمیٹی میں مسلم لیگ ن سے مشاہد حسین سید، سعد رفیق، احسن اقبال اور پیپلزپارٹی سے شیری رحمان، قمر زمان کائرہ کو شامل کیا گیا۔ جوائنٹ کمیٹی میں دیگر رہنماؤں میں میاں افتخار حسین، غلام احمد بلور، مولانا عبدالغفور حیدری، اویس نورانی ، لیاقت بلوچ، بیرسٹر مسرور اور عثمان کاکڑ بھی شامل ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں نے ایوان میں حلف اٹھانے کا فیصلہ بھی کیا جبکہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج کا اعلان بھی کیا۔