وزیر تعلیم نے اعلی تعلیمی کمیشن کیلئے مختص بجٹ میں کمی کاتاثر مسترد کر دیا
تعلیم اور پیشہ وارنہ تربیت کے وفاقی وزیر شفقت محمود نے اعلیٰ تعلیمی کمیشن کیلئے مختص بجٹ میں کمی کے تاثر کودوٹوک الفاظ میں مسترد کردیاہے۔ وہ کراچی میں پاکستان کے تعلیمی نظام مسائل اور آگے بڑھنے کا راستہ سے متعلق اپنی تفصیلی پریذینٹیشن کے بعد طلبہ اور ماہرین تعلیم کے سوالات کے جواب دے رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت قومی ترقیاتی پروگرام کے تحت اعلیٰ تعلیمی کمیشن کو کئی جاری منصوبوں کیلئے فنڈز فراہم کررہی ہے۔ وفاقی وزیرنے کہاکہ گزشتہ مالی سال کے دوران پینسٹھ ارب روپے مختص کئے گئے جبکہ رواں مالی سال میں اٹھاون ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، اس کے علاوہ اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے جاری مختلف منصوبوں کے لئے بھی خطیررقم فراہم کی جارہی ہے۔