وزیراعظم عمران خان کی معذوروں اور بزرگوں افراد کی سہولت کیلئے خصوصی اقدامات کی ہدایت
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے تمام وزارتوں کو معذور افراد اور بزرگ شہریوں کے لئے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی، جس کے بعد ملک بھرکی ہائی ویز، موٹرویز پر معذوروں اوربزرگوں کے لئے اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے تمام وزارتوں کو معذور افراد اور بزرگ شہریوں کے لئے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی، جس کے بعد وزارت مواصلات نے وزیراعظم کی ہدایات پر فوری عمل درآمد کا آغاز کر دیا۔ وزارت مواصلات نے ملک بھر کی ہائی ویز اور موٹرویز پرمعذور اور بزرگ مسافروں کے لئے اقدامات شروع کردیئے اور آئی جی موٹروے اور این ایچ اے حکام کو ہنگامی مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ مراسلہ میں کہا گیا موٹرویز پر قائم ریسٹ ایریاز پر معذور افراد اور بزرگ شہریوں کے لئے خصوصی انتظامات لازمی ہوں گے اور تمام ریسٹ ایریاز اور واش رومز میں ریمپ بنانا لازم قرار دے دیا گیا ہے۔ جاری مراسلے کے مطابق مسافروں کے لئے قائم مخصوص مقامات پر وہیل چئیرز کی دستیابی بھی یقینی بنائی جائے گی اور وزارت مواصلات بیت المال کے تعاون سے ویل چئیرز کا انتظام کرے گی۔