بلوچستان میں لاپتہ ہیلی کاپٹر میں سوار تمامافسران کی شہادت کی تصدیق ہوگئی

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بلوچستان میں لاپتہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کا ملبہ ملنے اور سوار افسران کی شہادت کی تصدیق کردی۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیلاب سے متاثرہ بلوچستان کے شہر لسبیلہ کے علاقے موسیٰ گوٹھ وندر میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا ہے۔آئی ایس پی آر نے تصدیق کی ہے کہ ہیلی کاپٹر میں سوار لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت تمام 6 افسران اور اعلیٰ افسران نے شہادت قبول کی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، بریگیڈئیر (متوقع میجر جنرل) امجد حنیف، بریگیڈئیر محمد خالد، میجر سعید احمد، میجر محمد طلحہٰ منان اور نائک مدثر فیاض سوار تھے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر لسبیلہ میں امدادی کاموں کے مشن پر تھا، کور کمانڈر سیلاب متاثرین کے ریلیف آپریشن کی نگرانی کررہے تھے۔