حکومت پی ٹی آئی اور عمران خان پر پابندی لگانے کا طے کرے گی: وفاقی وزرا
اسلام آباد:وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ حکومت پی ٹی آئی اور عمران خان پر پابندی لگانے کا طے کرے گی، یہ بھی دیکھا جائے گا کہ پارٹی کے دیگر ارکان بھی نا اہل ہوں گے یا نہیں، پی ٹی آئی چیئرمین پر حقائق چھپانے پر تاحیات پابندی ہونی چاہیے، سپریم کورٹ کا فل بنچ معاملے کی سماعت کرے۔رانا ثنا اللہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے کروڑوں روپے کے فنڈز لے کر اپنی سیاست چمکائی، الیکشن کمیشن کی جانب سے ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ آنے کے بعد عمران خان کو قوم سے معافی مانگ کر مستعفی ہونا چاہئے، آج ایک آئینی ادارہ نے عمران خان کو چور ڈکلیئر کر دیا ہے، انہوں نے خیرات کا پیسہ سیاست کیلئے استعمال کیا، ہر سیاسی پارٹی کو الیکشن کمیشن کو اخراجات، آمدن اور ذرائع بتانے ہوتے ہیں، پی ٹی آئی نے اپنے اکاؤنٹس سے لاتعلقی کا اظہار کیا، عمران خان کا منی ٹریل ان کے بیانیہ کے خلاف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر سیاسی پارٹی کو الیکشن کمیشن کو اخراجات، آمدن اور ذرائع بتانا ہوتے ہیں، پی ٹی آئی نے اپنے اکاؤنٹس سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے، پی ٹی آئی کے سربراہ کی منی ٹریل ان کے بیانیہ کے خلاف ہے۔