ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونیوالے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کون تھے؟
بلوچستان میں گزشتہ روز ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی ایک ذہین اور قابل افسر تھے۔
لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کا تعلق لاہور سے تھا، انہوں نے 1989 میں آزاد کشمیر رجمنٹ میں کمیشن لیا تھا۔لیفٹیننٹ جنرل سرفراز نے پاکستان آرمی کے کلیدی عہدوں پر کام کیا، شہادت کے وقت وہ کورکمانڈر 12کور (جسے کوئٹہ کور بھی کہا جاتا ہے) کے عہدے پر تعینات تھے اور بلوچستان میں سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف کےکاموں کا جائزہ لے رہے تھے۔اس سے قبل لیفٹیننٹ جنرل سرفراز کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں انسٹرکٹر بھی رہے، انہوں نے ٹرپل ون بریگیڈ کی کمانڈ بھی کی۔لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ملٹری انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر جنرل بھی رہے، انہوں نے مشکل وقت میں آئی جی ایف بلوچستان کی حیثیت سے بھی فرائض سرانجام دیے۔لیفٹیننٹ جنرل سرفراز نے بیوہ ، ایک بیٹی اور دو بیٹوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔