حکومتی اتحادی جماعتوں کا اجلاس، شہدا کیلئے فاتحہ خوانی، الیکشن کمیشن فیصلے پر تبادلہ خیال
وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں حکومتی اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوا، وزیرخارجہ بلاول بھٹو، مریم نواز، مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی اور الیکشن کمیشن کے فیصلے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم ہاؤس میں حکومت کی اتحادی اور پی ڈی ایم جماعتوں کا سربراہی اجلاس ہوا، شہباز شریف، پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، مریم نواز، ایم کیو ایم، پاکستان مسلم لیگ (ق)، اے این پی، بی این پی، باپ سمیت دیگر اتحادی جماعتوں کے قائدین بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کے حادثے میں 6 افسران کی شہادت پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا گیا، شہدا کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔
اجلاس میں کہا گیا کہ سیلاب زدگان کی مدد کرتے ہوئے قوم کے بیٹوں نے شہادت کا عظیم رتبہ پایا ہے جس پر پوری قوم انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور بلوچستان میں ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے فوجی افسران اور جوانوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف و دیگر نےافسوس کا اظہار کیا۔
صدر مملکت نے آرمی چیف سے کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد حنیف ، 12 کور کے بریگیڈیئر محمد خالد، پائلٹ میجر سعید احمد ، معاون پائلٹ میجر محمد طلحہٰ منان اور نائیک مدثر فیاض کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کیلئے بلندی درجات کی دعا کی اور ان کے اہلخانہ کیلئے اظہارہمدردی بھی کیا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے ملک و قوم کیلئے شہدا کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے فرض شناس بیٹے بلوچستان میں سیلاب سے متعلق امدادی کاموں میں مصروف تھے اور انہوں نے اپنے فرض کی ادائیگی اور قوم کی خدمت کیلئے انتہائی جانفشانی، محنت اور لگن سے کام کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا، بے لوث خدمت کے جذبے سے سرشار یہ سپوت قوم کے محسن ہیں