عمران خان کی ایک جیب میں اسرائیلی اور دوسری میں بھارتی پیسہ تھا:- طلال چودھری
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما طلال چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان کی ایک جیب میں اسرائیلی اور دوسری میں بھارتی پیسہ تھا، غیرملکی فنڈنگ سے سی پیک کو روکا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی پر جرم ثابت ہوچکا، سزا کا تعین ہونا باقی ہے۔ پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں مریم نواز کے پولیٹیکل سیکرٹری ذیشان رفیق کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد عمران خان پر جرم ثابت ہو چکا ہے، اب سزا باقی ہے، جرم کے تحت ان کی تاحیات نااہلی، عمر قید اور فنڈز کی ضبطگی کی سزاعمل میں لائی جا سکتی ہے، خان صاحب کی جیب سے بھارتی اسرائیلی فنڈنگ کے ثبوت برآمد ہو چکے ہیں، محمد نواز شریف تو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل ہوئے، اسی معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے لاڈلے کوبھی سزا دی جائے، آج خوشی کا نہیں بلکہ نظام انصاف کیلئے ماتم کا دن ہے کہ 8 سال تک انصاف کا نظام کہاں سویا رہا، فارن فنڈنگ کیس فیصلے کی روشنی میں 2013 اور 2018 کے الیکشن پر سوال اٹھ چکے ہیں، ممنوعہ فنڈنگ سے پاکستان میں انتشار، دھرنوں اور سی پیک کو روکنے کی سازش کی گئی، عوامی مقبولیت ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ کوئی قانون کو پاؤں تلے روند کر من مانی کرے ، وقت آ گیا سب کے ساتھ برابر کا سلوک کیا جائے۔