وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تھانہ کھنہ کا دورہ ,تھانے کی حالت زار پر اظہار برہمی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تھانہ کھنہ کا دورہ کیا اور تھانے کی حالت زار پر اظہار برہمی کیا ہے ۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اچانک بغیر اطلاع تھانہ کھنہ اسلام آباد کے دورے پر پہنچ گئے، اس موقع پر تفتیشی افسران کمرے سے غائب پائے گئے جبکہ سائلین ان کے انتظار میں بیٹھے تھے، ڈیوٹی پر موجود سب انسپکٹر کسی بات کا جواب نہ دے سکا۔اس موقع پر ایک کمرے میں تفتیشی افسران اور دوسرے میں 2 نشئی سوئے ہوئے تھے، فرنٹ ڈیسک روم میں سگریٹ کی بو آ رہی تھی جبکہ تھانے کے اندر 1500 موٹرسائیکلیں، کئی گاڑیاں بند تھیں۔محسن نقوی نے تھانے کی حالت زار دیکھ کر ناراضی کا اظہار کیا اور وزیرداخلہ نے فرنٹ ڈیسک، محررروم،حوالات کا بھی دورہ کیا ،انہوں نے حوالات میں بند ملزمان سے کیسوں کے بارے میں دریافت کیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے غلط جگہ ریڑھی لگانے والے 4 افراد کو ضروری قانونی کارروائی مکمل کرکے چھوڑنے کا حکم دیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا ہے کہ تھانے میں اس قدر زیادہ موٹرسائیکلز کھڑی کرنے کا کوئی جواز نہیں،موٹرسائیکلز جن شہریوں کی ہیں ان کے حوالے کی جائیں۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سائلین کی بلاتاخیر دادرسی کی جائے ، سائلین کو بلاوجہ انتظار کرانا کسی صورت برداشت نہیں۔