سروسز ہسپتال میں خاتون سے مبینہ زیادتی کے واقعہ کا ڈراپ سین
سروسز ہسپتال میں خاتون سے مبینہ زیادتی کے واقعہ کا ڈراپ سین ، فرانزک لیب سے تصدیق نہیں ہو سکی، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے رہنما ڈاکٹر عاطف اور وائی این اے کی صدر شمشاد نیازی نے خاتون کے الزام کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بغیر تصدیق ، تحقیق اور تفتیش کے ڈاکٹروں و عملے کے خلاف مقدمہ درج کرنے والے پولیس تھانہ شادمان کو فوری طور پر معطل اور بے بنیادالزام عائد کرنے والی عورت کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائےـ طبی تنظیموں کا ایک ہنگامی اجلاس سروسز ہسپتال میں منعقد ہوا جس میں ڈاکٹرز ، نرسیں اور پیرا میڈیکس کے رہنما شریک ہو ئےـ اجلاس کے شرکاء نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ جھوٹا مقدمہ درج کر کے مسیحا کو بدنام کرنے والے عناصر کو فوری طور پر قانون کے شکنجے میں لایا جائے کیونکہ اس من گھڑت واقعہ کے حوالے سے طب سے وابستہ افراد کی بدنامی ہوئی اور سروسز ہسپتال کی نیک نامی کو نقصان پہنچا ـ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹری پیشہ انتہائی مقدس ہے اور مریض صرف ڈاکٹر ز پر ہی اعتماد کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ ایسا عناصر کو بے نقاب کیا جائے جنہوں نے ہیلتھ کیئر کمیشن کی بغیر اجازت اور حقائق جانے بغیر مقدمے کا اندراج کیاـڈاکٹرکمیونٹی کا کہنا تھا کہ اگر ریپ کا واقعہ رونما ہو تو میڈیکل لیگل لئے بغیر مقدمہ درج نہیں ہو سکتا ـانہوں نے کہا کہ وہ جلد انصاف کے لئے عدالت جائیں گے تا کہ سازشی افراد کو سزا مل سکے اور آئندہ کسی کو ایسے الزامات لگانے کی جرات نہ ہو ـسروسز ہسپتال کے میڈیا فوکل پرسن ڈاکٹرسلیم شہزاد چیمہ نے فرانزک لیب کی رپورٹ کی تصدیق کی اور کہا کہ ایسے کوئی شواہد نہیں ملے جس سے زیادتی کا عنصر پایا گیا ہوـقبل ازیں سروسز ہسپتال میں بھی میڈیکل بورڈ نے زیادتی کے الزام کو مسترد کر دیا تھاـ