کرتارپور گردوارہ میں فوٹو شوٹ سے متعلق بھارت کا شرانگیز واویلا مسترد
اسلام آباد: دفتر خارجہ نے بھارتی ہائی کمیشن کے سینئر سفارت کار کو وزارت خارجہ طلب کر کے کرتارپور گوردوارہ دربار صاحب میں بلاگر کی شوٹنگ کے معاملے پر بھارتی شرانگیز واویلے کو مسترد کردیا ہے۔اس سے قبل رواں ہفتے خاتون بلاگر کی جانب سے گردوارہ میں سرڈھانپے بغیر فوٹو شوٹ کرنے پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی گئی تھی جس پر پنجاب حکومت نے واقعے کا نوٹس لیا تھا اور پنجاب پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی تھی۔بھارتی سفارتکار کو بتایا گیا کہ اقلیتوں کے لیے غیر محفوظ اور بدنام ترین بھارت کو اقلیتوں کے حقوق کی بات کرنا زیب نہیں دیتا۔منگل کو بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان ارندام باگچی نے کہا تھا کہ پاکستان کے ناظم الامور آفتاب حسن خان کو طلب کر کے گوردوارہ دربار صاحب کے تقدس کی پامالی کے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا.جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا کہ بھارتی ہائی کمیشن کے سینئر سفارت کار کو وزارت خارجہ طلب کر کے کرتار پور گوردوارہ دربار صاحب میں ایک انفرادی واقعہ پر بھارتی شرانگیز واویلا کو مسترد کرنے کے ساتھ ساتھ بے بنیاد پراپیگنڈے پر پاکستان کے تحفظات سے اگاہ کیا گیا۔