الیکشن کمیشن نے ای وی ایم پر ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دے دی، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا نیا بااختیار اسٹرکچر آئے گا، فواد چوہدری
وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے ذریعے ہوں گے اور صوبے میں نیا اسٹرکچر آئے گا۔اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد معاون خصوصی شہباز گل اور دیگر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراطلاعات نے کہا کہ اجلاس کا بنیادی ایجنڈا بلدیاتی انتخابات تھا۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا (کے پی) میں بلدیاتی انتخابات 19 دسمبر کو ہو رہے ہیں جہاں 17 اضلاع میں 37 ہزار 752 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔کے پی میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر تحصیل چیئرمین اور میئر کے لیے 689 امیدواروں میں مقابلہ ہوگا اور نیبرہڈ کونسلز کے لیے 19 ہزار 282 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہےہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ضلعے کے انتخابات براہ راست ہوں گے، جس کے بعد ولیج کونسل بنیں گی اور نیا اسٹرکچر آئے گا، جو بڑا بااختیار اسٹرکچر ہوگا، اس پر اتحادیوں سے اچبھی بات چیت ہوئی ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ امید ہے کہ پنجاب کا نیا لوکل گورنمنٹ ایکٹ آئندہ چند دنوں میں منظور ہو جائے گا، جس کے بعد پنجاب میں مقامی حکومتوں کے انتخابات کے لیے راستہ ہموار ہو جائے گا۔