پنڈی ٹیسٹ:دوسرے روز کے آغاز پر ہی پاکستان کوانگلینڈ کےخلاف 2بڑی کامیابیاں حاصل

پنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز بھی انگلینڈ کی پاکستان کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔ فاسٹ بولر نسیم شاہ نے دن کے آغاز پر ہی انگلش کپتان بین اسٹوکس کو 41 رنز پر بولڈ کر کے انگلینڈ کا پانچواں کھلاڑی واپس پویلین بھیجا۔ گزشتہ روز تیز بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ نے 4 وکٹ کے نقصان پر 506 رنز بنالیے تھے۔ خیال رہے کہ راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز انگلینڈ کے بیٹرز نے پاکستانی بولرز کی جم کر پٹائی کی ، 73 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے انگلینڈ نے 4 کھلاڑی آؤٹ پر 506 رنز کی اننگز کھیلی۔ انگلینڈ نے 506 رنز بنا کر کھیل کے پہلے دن سب سے زیادہ رنز بنانے کا 112 سال کا ریکارڈ توڑا ہے ، اس سے قبل 1910 میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقا کے خلاف پہلے دن 494 رنز بنائے تھے۔ انگلینڈ کی جانب سے کل ول جیکس اور لیام لونگ اسٹون نے ٹیسٹ ڈییبو کیا جب کہ پاکستان کی جانب سے سعود شکیل، حارث رؤف، محمد علی اور زاہد محمود نے ٹیسٹ کیپ حاصل کی۔