نہیں معلوم 15دن بعد یہ حکومت ہو گی یا نہیں، فواد چودھری

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چودھری نے دعویٰ کیا ہے کہ موجودہ حکومت نہیں چل سکے گی اور نہیں معلوم 15 دن بعد یہ حکومت ہو گی یا نہیں۔پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے تمام اراکین کی رائے لی ہے اور تمام اراکین نے عمران خان کے فیصلے کی توثیق کی ہے۔ خیبر پختونخوا کی پارلیمانی کمیٹی کل عمران خان سے ملاقات کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پرویز الہٰی نے اسمبلی تحلیل کرنے کا اختیار عمران خان کو دیا ہے اور اسمبلیاں توڑنے کی تاریخ کا فیصلہ عمران خان خود کریں گے۔ عمران خان نے آج پھر حکومت کو مذاکرات کی دعوت دی ہے کیونکہ پورا ملک سیاسی استحکام کی طرف جانا چاہتا ہے اور عمران خان نے کہا اگر انتخابات نہیں کرواتے تو عدم استحکام کا کوئی اور حل بتا دیں۔