پی ٹی آئی ارکان کا عمران خان سے فوری اسمبلیوں کی تحلیل بارے تحفظات کا اظہار

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اتوار سے ڈویژن کی سطح پر اسمبلیوں کی تحلیل بارے ارکان اسمبلی سے ملاقاتوں کا اعلان کردیا جبکہ ارکان نے فوری اسمبلیوں کی تحلیل کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔
ایوان وزیراعلیٰ میں ارکان اسمبلی نے چیئرمین پی ٹی آئی کی تقریر کے بعد کھل کر عمران خان سے سوالات کئے۔عمران خان نے کہا کہ اتوار سے ہر ڈویژن کے ارکان اسمبلی سے مل رہا ہوں، ہم ان لوگوں سے بات کریں گے، اگر یہ بات نہیں کریں گے تو اسمبلیاں تحلیل کر دیں گے، جب تک الیکشن کا اعلان ہو گا میں مکمل فٹ ہوں گا، امپورٹڈ حکومت اسٹیبلشمنٹ کے پیچھے چھپنے کی کوششیں کر رہی ہے، 1970 کے بعد پہلی مرتبہ نظرئیے کی سیاست ہوئی ہے، پہلی مرتبہ لوگوں کو پتا تھا کہ میں نے اسمبلی میں نہیں آنا اسکے باوجود میں 8 حلقوں سے لڑا اور جیتا ہوں، اسمبلیوں کی تحلیل پر میں نے پاکستان کے نامور وکلاء سے بات کی ہے، اگر ایک مرتبہ اسمبلی تحلیل ہو گئی تو یہ لوگ عام انتخابات کو نہیں روک سکتے، میں چاہتا ہوں کہ آپ لوگ کلیر مائنڈ سے الیکشن میں جائیں، یہ نہیں ہونا چاہیے کہ میں نے فیصلہ کیا اور آپ نے مان لیا، آپ کھل کر رائے دیں میرا فیصلہ سمجھ کر جھجھک کا شکار نہ ہوں۔