گرفتاری کیلئے حساس ادارے نے ملیر میں چھاپہ مار کارروائیاں بھی کیں

کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے میں 13 جنوری کو مارے گئے نقیب اللہ محسود کے قتل کیس میں نامزد سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار تاحال منظر عام سے غائب ہیں، انکاؤنٹر سپیشلسٹ کہاں چھپے ہیں،،، کچھ پتہ نہ چل سکا، ذرائع کے مطابق حساس ادارے نے ملیر میں راؤ انوار کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے، ان کے گھروں میں بھی چھاپے کے دوران تلاشی لی گئی تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔۔جمعرات کے دن سپریم کورٹ نے راؤ انوار کی گرفتاری کیلئے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو مزید 10 دن کا وقت دیا تھا۔ سپریم کورٹ نے انٹلی جنس ایجنسیوں کو سندھ پولیس سے مکمل تعاون کی بھی ہدایت کی تھی 13 جنوری کو سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے شاہ لطیف ٹاؤن میں پولیس مقابلے کے دوران 4 دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا، جن میں 27 سالہ نوجوان نقیب اللہ محسود بھی شامل تھا۔ آئی جی سندھ کی جانب سے تشکیل دی گئی تحقیقاتی کمیٹی نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں راؤ انوار کو معطل کرنے کی سفارش کی، جس کے باعث انہیں عہدے سے ہٹا کرنام ای سی ایل میں شامل کردیا گیا، راؤ انوار کی گرفتاری کیلئے اسلام آباد میں بھی چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں لیکن راؤ انوار گرفتار نہ ہوسکے۔