اقوام متحدہ کی سوا سات کروڑ افراد کی مدد کے لیے4 ارب ڈالر کی اپیل

اقوام متحدہ کے بچوں سے متعلق ادارے، یونیسیف نے 59 ملکوں میں جنگوں، قدرتی آفات اور دوسری ہنگامی صورت حال سے متاثرہ 41 ملین بچوں سمیت 73 ملین لوگوں کی زندگی بچانے میں مدد کے لیے 3 ارب 90 کروڑ ڈالر کی اپنی اب تک کی سب سے بڑی اپیل کی ہے،تنازعوں یا سانحوں سے سب سے زیادہ متاثرہ افراد میں 3 کروڑ 40 لاکھ سے زیادہ بچے شامل ہیں۔ یونیسیف کا کہنا ہے کہ وہ خوفناک پیمانے کے تشدد، محرومی یا ٹراما میں مبتلا ہیں اور انہیں تحفظ اور زندگی بچانے کے سلسلے میں بہت کم معاونت دستیاب ہے۔ہنگامی کارروائیوں سے متعلق یونیسیف کے ڈائریکٹر مینوئل فانٹین کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں سب بڑی امدادی کارروائی شام کے پناہ گزینوں کی مدد کی ہے جو دنیا بھر میں نقل مکانی کا سب سے بڑا بحران ہے۔ ان پناہ گزینوں کی میزبانی شام کے5 پڑوسی ملکوں کی کمیونیٹز کر رہی ہیں۔اس سے قبل یونیسیف کی سب سے بڑی امدادی کارروائیاں روایتی طور پر افریقا میں ہوتی رہی ہیں لیکن اس سال ادارے کی سب سے بڑی کارروائیوں میں شام اور جنوبی سوڈان کے بعد تیسرا نمبر ڈیمو کریٹک ری پبلک آف کانگو کا ہے۔