آصف زرداری کو فالودے والا مل جاتا ہے ، بلاول صاحب لانگ گواچا اور لانگ مارچ میں بہت بڑا فرق ہے. شیخ رشید

وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ ڈیل ناکام ہوگئی، ڈھیل کا ففٹی ففٹی چانس ہے، سعد رفیق کو پی اے سی کی رکنیت دی جائے، بلاول کرپشن کے خلاف لانگ مارچ کریں تو ساتھ دوں گا۔یہ بزدل سیاستدان ہیں،کرپشن کیسز میں ہیروبننے کی کوشش کررہے ہیں ، ان دونوں کی بیماری 20 سال پرانی ہے اور شاید یہ لوگ ضمانت کروانے میں آسانی کے لیے بیماری رکھتے ہیں ،23 کیسوں میں مطلوب شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سے مستعفی ہو جانا چاہئے۔
وزیر ریلوے شیخ رشید نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اگر مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی پیسے دے رہی ہیں تو قوم کو اعتماد میں لیا جا ئے ،ڈیل ناکام ہوگئی اور ڈھیل کا ففٹی ففٹی پروگرام چل رہا ہے، وزیراعظم عمران خان سے میں بہت بڑی بات کہنے جارہا ہوں، وہ خفا نہ ہوں اگر یہ دونوں جماعتیں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی پیسے دے رہی ہیں اور ان افواہوں میں حقیقت ہے تو قوم کو اعتماد میں لیا جائے، نہ مفت کی ڈیل قبول ہے نہ مفت کی ڈھیل قبول ہے نواز شریف کو دولت ٹھکانے لگانی آتی ہے ، زرداری کو فالودے والا مل جاتا ہے ، بلاول صاحب لانگ گواچا اور لانگ مارچ میں بڑا فرق ہے ،بلاول کرپشن کیخلاف لانگ مارچ کریں تو میں ہاتھ میں ہاتھ ڈال کر ساتھ دوں گا ۔
انہوں نے کہا کہ شریف برادران نے اسامہ بن لادن کا مال بھی نہیں چھوڑا ،وہ قتل کی واردات سمیت ہر جگہ سے پیسے کمانے کا فن جانتے ہیں . عمران خان کا شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کا سربراہ بنانا سب سے بڑی غلطی ہے ،پبلک اکاؤنٹس کمیٹی شہباز شریف ، شیخ رشید ، سعد رفیق اور رانا ثنااللہ کے ہونے سے سیاسی اکھاڑہ نہیں بنے گی ۔انہوں نے کہا کہشہباز شریف نے سپیکر کو مل کر کہا شیخ رشید کو ممبر نہ بنائے، میرا پی اے سی میں جانا ضروری ہے، مجھے سمجھ نہیں آرہی سپیکر صاحب کیوں دیر کر رہے ہیں، اس وقت میں فل فورم میں ہوں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف قومی اسمبلی میں پہلی مرتبہ آئے ، میں 8 ویں مرتبہ رکن بنا ہوں ، میں اپوزیشن کا دادا استاد ہوں ، ڈاکٹروں نے شہباز شریف کو کھلی ہوا میں رہنے کا مشورہ دینے والے ڈاکٹر ہماری حکومت نہیں ، شہباز شریف لال حویلی کی چھت پر آ جائیں اس سے بہتر کھلی فضا اور کہیں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم 12فروری کوتھل ایکسپریس کاافتتاح کریں گے،دو مال بردار ٹرینیں چلادی ہیں،مزید مال بردار ٹرینیں چلانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون سے متعلق اسی ہفتے اجلاس ہوگا،ایم ایل ون اور نالہ لئی کا کام اللہ نے مجھ سے لے لیا تو سیاست سے ریٹائرڈ ہوجاؤں گا،لاہور ریلوے شکایت سیل کو اچھا رسپانس مل رہاہے ، نئے ٹینڈر کو جلد حتمی شکل دیں گے۔