ضلع سیالکوٹ میں بجلی چوری کے خلاف مہم
ضلع سیالکوٹ میں بجلی چوری کے خلاف جاری مہم کے دوران ماہ جنوری میں 200افراد کے خلاف بجلی چوری کے مقدمات درج کئے گئے جن میں سے 176افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی جبکہ جرمانہ کی مدمیں مجموعی طور پر 1کروڑ14لاکھ32ہزار روپے رقم وصول کی گئی ، رواں ماہ بجلی چوروں کے خلاف مہم میں مزید تیزی آئے گی بجلی چوری کرنے والوں کے ساتھ ساتھ بجلی چوری کروانے والے افسران اور ملازمین کا بھی سختی سے محاسبہ کیا جائے گا اور اگر کوئی گیپکوکاافسر یااہلکار بجلی ملوث پایا گیا تو وہ ناصرف ملازمت سے فارغ کیا جائے گا بلکہ جیل بھی جائے گا۔
یہ بات ڈپٹی کمشنرسیالکوٹ سید بلال حیدر نے ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ کمیٹی برائے انسدادبجلی چوری کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل منور حسین ، ڈی ایس پی لیگل شہباز احمد کے علاوہ ضلع سیالکوٹ میں گیپکو کے پانچ ڈویژن کے ایکسیئنز نے شرکت کی ۔ ڈی سی سیالکوٹ سید بلال حیدر نے کہاکہ ضلع پولیس کی جانب سے 176لوگوں کو بجلی چوری کی پاداش میں گرفتار کرنا بہترین کارکردگی کی مثال ہے جس پر ڈی پی او اور ان کی ٹیم کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ بجلی چوری کے خاتمہ تک کسی بھی حد تک جائیں گے اوران کے گرد قانون کی گرفت مضبوط کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ اسپیشل برانچ کو بھی اس مہم میں شامل کریں گے اور بجلی چوروں کا سراغ لگا کر کریک دان کیا جائے ۔