سعودی ایئرلائن نے ملازمتوں کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرلیا
ریاض: سعودی ایئرلائن ‘السعودیہ’ کے ڈائریکٹر انجینیئر ابراہیم العمر نے کہا ہے کہ پائلٹ کی ملازمت کے لیے اب خواتین کی بھرتی کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ السعودیہ کے تمام معاون پائلٹ سعودی رکھنے کا منصوبہ مکمل ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق سعودائزیشن کے تحت سعودی ایئرلائن کے مختلف شعبوں میں بھی مقامی افراد کو ملازمت دی جارہی ہے۔ ڈائریکٹر انجینیئر ابراہیم العمر نے بتایا ہے کہ السعودیہ کے تمام معاون پائلٹ سو فیصد سعودی ہوگئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ السعودیہ سعودی ہوابازی کے تمام شعبوں کو چلانے کے لیے مقامی افراد کو تربیت دینا چاہتی ہے اور اسی مشن پر کام جاری ہے۔ خیال رہے کہ یہ سلسلہ سعودائزیشن کی ایک کڑی ہے۔