قومی ٹیم کے نئے باؤلنگ کوچ کیلئے پی سی بی کا یاسر عرفات سے رابطہ

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق ٹیسٹ آل راؤنڈر یاسر عرفات سے قومی ٹیم کے نئے باؤلنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھانے کیلئے رابطہ کیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یاسر عرفات قومی ٹیم کے ہیڈکوچ مکی آرتھر کے اسسٹنٹ کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دینگے جبکہ مکی آرتھر کی عدم موجودگی میں وہ قومی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کے سربراہ کے طور پر بھی کام کریں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے مستقبل میں قومی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے حوالے سے مکی آرتھر کی خدمات حاصل کرنے کی ٹھان لی ہے، اگرچہ مکی آرتھر انگلش کاؤنٹی ڈاربی شائر کے ساتھ وابستہ ہیں۔ رپورٹس کے مطابق اس حوالے سے نجم سیٹھی نے مکی آرتھر جو اس وقت انگلینڈ میں موجود ہیں اور انہیں یہ اختیارات دیے گئے ہیں کہ وہ اپنی مرضی کا کوچنگ اسٹاف رکھ کر پاکستان ٹیم کی کوچنگ کے معاملات کو آگے بڑھائیں۔