میمو گیٹ اسکینڈل، تحقیقاتی جوڈیشل کمیشن سپریم کورٹ میں چیلنج، کمیشن میں حاضر سروس ججز کا تقررغیر آئینی ہے۔ درخواست گزار

سپریم کورٹ میں شاہد اورکزئی کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیارکیا گیا ہے کہ میمو گیٹ کمیشن کے قیام میں آئینی اور قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔ کمیشن کے اجلاس میں شرکت کے لیےبلوچستان، سندھ اور اسلام آباد ہائیکورٹس کے حاضر سروس ججز صدر کی اجازت کے بغیر رخصت پر نہیں جاسکتے۔ چیف جسٹسز کی غیر حاضری کی صورت میں صدر مملکت ان کی جگہ قائم مقام چیف جسٹس کاتقرر کریں گے۔ درخواست گزارنے مزید کہا ہے کہ عدالتی احکامات میں کمیشن کے اخراجات کے حوالے سے بھی وضاحت نہیں کی گئی،اگر صوبائی اور وفاقی حکومت کمیشن کے اخراجات ادا کرتی ہیں تو اسمبلیوں سے بجٹ کی شکل میں اس کی منظوری ضروری ہے۔ درخواست گزارنے سپریم کورٹ سے کمیشن کے قیام میں قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے دوبارہ آرڈر جاری کرنے کی استدعا کی ہے۔