نئے سال کا آغاز بڑے فیصلے کے ساتھ، نام نہاد انرجی ڈرنکس پر پابندی عائد

Jan 02, 2019 | 00:37

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے نئے سال کا آغاز بڑے فیصلے کے ساتھ کرتے ہوئے فارماسوٹیکل اجزاء والی ڈرنکس کو انرجی ڈرنکس لکھنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اپریل 2018 سے انرجی ڈرنکس بنانے والی کمپنیوں کی دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہونے پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے آپریشن ٹیموں کو آج سے آپریشن شروع کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔بزنس ایڈجسٹمنٹ ٹائم دینے کے بعدبھی نئے قانون پر پوری نہ اترنے والی پراڈکٹس کو موقع پر ضائع کر دیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے اپریل 2018 سے انرجی ڈرنکس بنانے والی کمپنیوں کو دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہونے پر آپریشن ٹیموں کو انرجی ڈرنکس کی فروخت کے خلاف کریک ڈاون کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔تمام انرجی ڈرنکس بنانے والی کمپنیز پراڈکٹ پر لفظ انرجی نہ لکھنے، اردو اور انگریزی میں لیبلنگ کرنے، واضح طور پر'' ہائیلی کیفینیٹڈ ڈرنک'' تحریر کرنے کی پابند ہوں گی۔ اردو اور انگریزی میں وارننگ لیبل اور کیفین کی مقدار 400ppmسے کم کر کے 200ppm کرنے کا بھی پابند کیا گیا ہے۔ آٹھ ماہ کا بزنس ایڈجسٹمنٹ ٹائم دینے کے بعدقانون پر پوری نہ اترنے والی انرجی ڈرنکس کمپنیوں کی پراڈکٹس کو موقع پر ضائع کر دیا جائے گا۔ڈی جی فوڈاتھارٹی کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی ماہ سے انرجی ڈرنکس کے گمراہ کن اشتہارات بھی بند کروائے جا رہے ہیں۔ْ انرجی ڈرنکس میں کیفین کی زیادہ مقدار بلڈپریشر، ہڈیوں، دل اور ذہنی تناؤ جیسے امراض کا باعث بنتی ہے۔کیپٹن(ر)محمد عثمان کا مزید کہنا تھا کہ فارماسوٹیکل اجزاء والی ڈرنکس کا زیادہ استعمال بے خوابی اور موٹاپے کی بھی وجہ بنتا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب فوڈ اتھار ٹی نے پابندی کا فیصلہ مکمل تحقیق اور ماہرین کی مشاورت سے کیا ہے۔عوام کو صحت مند خوراک کی فراہمی کیلیے بڑے فیصلوں سے گریز نہیں کیا جائے گا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا عوام سے گزارش کرتے ہوئے کہناتھا کہ خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن0800۔80500یا فیس بک پیچ Punjab Food Authority پر آگاہ کریں۔

مزیدخبریں