جاپان کے نئے دور کے نام کا اعلان یکم اپریل کو ہو گا
جاپان کے وزیراعظم شنزو آبے نے کہا ہے کہ ملک کے نئے دور کے نام کا اعلان یکم اپریل2019 ءکو کابینہ سے منظوری کے بعد کیا جائے گا۔جاپانی ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ روز ٹوکیو میں نیوز کانفرنس میں اس منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ملک کے نئے دور کے نام کا اعلان یکم اپریل2019 ءکو کابینہ سے منظوری کے بعد یکم مئی کو ولی عہد شہزادہ ناروہیتو کے تخت نشین ہوتے ہی نئے دور کے نام کا اطلاق ہو جائے گا اور اس سے ایک روز قبل شہنشاہ آکی ہیتو تخت سے دستبردار ہو جائیں گے۔ جاپانی حکومت اس خیال کے پیشِ نظر تیاریوں میں مصروف ہے کہ ملک کے نئے دور کا نام تخت نشینی سے کم از کم ایک ماہ قبل مشتہر کر دیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اعلان سے لوگوں کی زندگیوں پر کسی بھی تبدیلی کے منفی طور پر اثرانداز ہونے سے بچنے میں مدد ملے گی۔ واضح رہے کہ شہنشاہ کے تخت نشین ہونے پر نئے دور کے لئے ایک نام کو منتخب کیا جاتا ہے ، موجودہ دور کا نام ہیسئے ہے۔