دورہ پاکستان، شہزادہ ولیم کی تصویر کو اہم اعزاز مل گیا
ماحولیات کے حوالے سے نئے پروجیکٹ میں شہزادہ ولیم کی دورہ پاکستان میں کھینچی گئی تصویر نمایاں رہی ، شہزادہ ولیم کی تصویرشہزادی کیٹ نے ہندوکش کے پہاڑی سلسلے میں بنائی تھی۔ تفصیلات کے مطابق برطانوی شہزادہ ولیم نے ماحولیات کے حوالے سے نئے پروجیکٹ ارتھ شاٹ پرائز کا اعلان کردیا، برطانوی شاہی محل کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پراجیکٹ لانچ میں شہزادہ ولیم کی دورہ پاکستان میں لی گئی تصویرشئیرکی گئی ہے۔ ہندوکش کے پہاڑی سلسلے میں کھیچنی گئی تصویرکا انتخاب شہزادہ ولیم نے خود کیا، تصویر شہزادہ ولیم کی بیوی کیٹ مڈلٹن نے بنائی تھی، شہزادہ ولیم کا پروجیکٹ ماحولیاتی تبدیلیوں کیخلاف موثراقدامات سے متعلق ہے۔ واضح رہے پانچ روزہ دورے میں شہزاد ولیم اور کیٹ مڈلٹن نے لاہوراسلام آباد اور چترال کا دورہ کیا تھا، کیلاش کی ثقافت دیکھی اور بادشاہی مسجد بھی گئے جبکہ وزیراعظم عمران خان سے اور صدر عارف علوی سے بھی ملاقات کی تھی۔ پرنس ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کی پاکستان آمد پر رائل وزٹ پاکستان کا ٹاپ ٹرینڈ نمبرون پررہا اور، عوام نے حسین شہزادی کیٹ مڈلٹن اور خوبرو شہزادے ولیم کا پاکستان آمد پرشکریہ ادا کیا تھا۔ برطانوی شہزادہ ولیم اوران کی اہلیہ کیٹ میڈلٹن نے دورہ چترال میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور موسمیاتی تبدیلی کے باعث گلیشیر پگھلنے کے اثرات کا جائزہ لیا جبکہ کوہ ہندو کش اور ہمالیہ کے پہاڑی سلسلے کا فضائی جائزہ بھی لیا تھا۔ دورے میں برطانوی شاہی جوڑے شہزادے ولیم اور اُن کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے پاکستانی ٹرک آرٹ سے مزین رکشے میں سفر کر کے سب کے دل جیت لیے تھے۔