موجودہ قیادت اپنے بچوں کی بجائے قوم کی فکرمند ہے:فردوس عاشق
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان اورسیز پاکستانیوں کو اہم اثاثہ قرار دیتے ہیں،اوورسیز پاکستانیوں نے ملک کے ساتھ رشتے کو دن رات محنت سے مستحکم کیا ہے،اوورسیز پاکستانی اپنے ملک کو خوشحال بنانے کے لئے پرعزم ہیں،ان نوجوانوں نے بیرون ملک سے سرمایہ اکٹھا کیا اور واپس وطن میں آئے،نوجوان وطن واپس آکر مختلف سروسز شروع کر رہے ہیں، وزیر اعظم ایسے منصوبوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر میں ان نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنے آئی ہوں،یہ سال امید اور ریلیف کا سال ہے،یہ سال پسے ہوئے طبقات کی ترقی کا سال ہے،وزیر اعظم کی قیادت میں حکومت پسے ہوئے طبقات کو ان کا حق لوٹائے گی،اوورسیز پاکستانیوں پناہ گاہ منصوبے کی مکمل آنر شپ لے رہے ہیں،اوورسیز پاکستانیوں کے جذبے کو سلام پیش کرتی ہوں،موجودہ قیادت اپنے بچوں کی فکر کی بجائے قوم کی فکر کرتی ہے۔