نسیم شاہ کی جگہ انڈر19ٹیم کو نیا ستارہ مل گیا
جونیئر ورلڈکپ میں پیسر عامر علی پاکستانی امیدوں کا مرکز بن گئے۔نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے قومی انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد نے کہا کہ نسیم شاہ کو ٹاپ کرکٹ تک محدود رکھنا متفقہ فیصلہ ہے، نوجوان پیسر جونیئر سے سینئر ٹیم تک پہنچے، اب ان کو واپس بھیجنا مناسب نہیں تھا، ترقی ملنے کے بعد تنزلی بہتر فیصلہ نہ ہوتا، اسلئے انھیں جونیئر ورلڈکپ سکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا،ان کی جگہ سنبھالنے ایک اور فاسٹ بولر عامر علی ہمارے پاس موجود ہیں، نسیم کی عدم موجودگی میں وہ ہمارا اہم ہتھیار ہوں گے، عامربھی برق رفتار اور ان میں اتنی صلاحیت ہے کہ نسیم شاہ کی طرح پاکستان کے سٹار باولر بن سکیں۔اعجاز احمد نے کہا کہ جنوبی افریقہ میں ہونےوالے جونیئر ورلڈکپ کیلئے ٹیم کا کمبی نیشن بہترین ہے۔حیدر علی اور روحیل نذیر جیسے زبردست بیٹسمین کسی بھی حریف کے خلاف شاندار کھیل پیش کرسکتے ہیں، دیگر کھلاڑی بھی بھرپور فارم میں موجود اور عمدہ کارکردگی دکھانے کیلئے بےتاب ہیں، پیسرز کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹیم کی فتوحات کا راستہ بنا سکتے ہیں۔ایک سوال پر ہیڈ کوچ نے کہاکہ میں اپنا تمام تر تجربہ نوجوانوں میں منتقل کررہا ہوں، جیت ان کھلاڑیوں کی ہوگی اور ہارنے پر ذمہ داری خود قبول کروں گا، جنوبی افریقہ میں کنڈیشنز آسان نہیں ہوتیں، بہتر کارکردگی پیش کرنے کیلئے تربیتی کیمپ میں بھرپور تیاری کررہے ہیں، 4 پریکٹس میچز کھیل کر میگا ایونٹ کیلئے روانہ ہوں گے، کوشش ہوگی کہ ورلڈ کپ میں بہترین نتائج دیتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کریں۔