اپوزیشن کا لانگ مارچ نہیں کوئیک مارچ ہو گا، منزل اڈیالہ جیل ہے: وفاقی وزیر فرخ حبیب
ملتان: وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے اپوزیشن پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ 23 مارچ کو لانگ مارچ نہیں کریں گے، آپ کا کوئیک مارچ ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی آخری منزل اڈیالہ جیل ہے۔ ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت نے پنجاب کے شہریوں کو ہیلتھ کارڈ کی سہولت دی جس کے ذریعے وہ دس لاکھ روپے تک کا مفت علاج کسی بھی اسپتال سے کرا سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایک کروڑ خاندانوں کی کفالت کررہے ہیں اور ہر خاندان کو 12 ہزار روپے دیے جا رہے ہیں۔فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم نے کورونا کے دوران غریب کا سوچ کر مکمل لاک ڈاون نہیں لگایا۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ میں 25 فیصد اضافہ ہوا ہے، صنعتیں اور بازار کی رونقیں بحال ہیں، فصلوں کی ریکارڈ پیداوار ہو رہی ہے، 50 ہزار اسکالرشپس دی ہیں اور کسانوں کی جیب میں اضافی 400 ارب روپے گئے ہیں۔