رانا ثنااللہ کا افغانستان میں ٹی ٹی پی کے ٹھکانوں سے متعلق بیان اشتعال انگیز، بے بنیاد ہے: افغان طالبان
افغان حکام نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی افغانستان میں موجودگی کے حوالے سے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا بیان مسترد کرتے ہوئے اسے ’اشتعال انگیز اور بے بنیاد‘ قرار دے دیا۔افغانستان کی وزارت دفاع کی جانب سے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا گیا کہ ’ہم ٹی ٹی پی کی افغانستان میں موجودگی اور ممکنہ حملے سے متعلق پاکستان کے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کے بیان کو اشتعال انگیز اور بے بنیاد سمجھتے ہیں‘۔افغان وزارت دفاع نے دعویٰ کیا کہ پاکستان میں ٹی ٹی پی کے ٹھکانوں کے ثبوت موجود ہیں اور پاکستانی حکام کے ایسے بیانات دونوں برادر ممالک کے درمیان اچھے تعلقات کے لیے نقصان دہ ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ افغانستان ہر تشویش کو سمجھوتے سے حل کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔افغان وزارت دفاع نے مزید کہا کہ افغانستان اپنی علاقائی سالمیت اور آزادی کا دفاع کرنے لیے تیار ہے اور یہ بھی جانتا ہے کہ ملک کا دفاع کیسے کرنا ہے۔