ہم جلد ہی ایران کے جھوٹ کو دنیا کے سامنےبے نقاب کریں گے۔ اسرائیلی وزیراعظم
اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے کہا ہے کہ ایران تیزی کے ساتھ جوہری ہتھیاروں کے حصول کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم جلد ہی ایران کے جھوٹ کو دنیا کے سامنےبے نقاب کریں گے۔ میڈیا کے مطابق فوج کی ایک تقریب سے خطاب میں اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ 'آج ایران کہتا ہے کہ وہ جوہری معاہدے میں یورینیم افزودگی کے حوالے سے کیے گئے وعدے کو توڑ رہا ہے اور اس نے 300 کلو گرام یورینیم کی افزودگی کی حد سے تجاوز کیا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران تیزی کے ساتھ جوہری ہتھیاروں کی تیاری کی طرف بڑھ رہا ہے'۔
انہوں نے کہا کہ جب ہم نے ایران کے خفیہ جوہری ذخیرئے کا انکشاف کیا اور ثابت کیا کہ تہران دنیا کے سامنے جوہری معاہدے کے ذریعے جھوٹ بول رہا ہےتو دنیا نے ہماری بات نہیں مانی تھی۔ آج ایران بھی اس کا اعتراف کر رہا ہے۔ میں مزید شواہد اور دلائل بھی جلد پیش کروں گا کہ ایران مسلسل کس طرح جھوٹ بولتا رہا ہے۔ نیتن یاھو نے مزید کہا کہ 'میں ایک بار پھر کہہ رہا ہوں کہ اسرائیل کسی صورت میں ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ آج میں تمام یورپی ملکوں سے کہتا ہوںکہ تم ایران کے حوالے سے اپنے وعدے پورے کرو اور تہران پر فوری طورپر اقتصادی پابندیاں عائد کرو۔ ادھر ایک دوسرے سیاق میں اسرائیل کے سرکاری ٹیلی ویژن چینل نے صہیونی وزیر برائے توانائی کا ایک بیان نقل کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ ایران 'جوہری بلیک میلنگ' کا مرتکب ہے۔ ایران کا دعویٰ ہے کہ وہ سنہ 2015ء میں طے پائے جوہری معاہدےمیں مجاز مقدار سے کم یورینیم افزدوہ کررہا ہے مگر حقیقت اس کے برعکس ہے۔ اسرائیلی وزیر یووال شٹائنز نے ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول کو باز رکھنے کے لیے تہران پرمسلسل دبائو ڈالا جائے گا۔