وفاقی حکومت کاگریڈ ایک سے 16تک کی ایک سال سے خالی آسامیاں ختم کرنے کا فیصلہ
وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمتیں کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو باقاعدہ مراسلہ بھیج دیا گیا ہے۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق انتہائی ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ گریڈ ایک سے لے کر 16تک کی ایسی تمام آسامیاں ختم کردی جائیں جو گزشتہ ایک سال سے خالی ہیں۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کی عمل درآمد کمیٹی کی سفارشات پر وزارت خزانہ نے مراسلہ اسٹیبلیشمنٹ ڈویژن کو بھیج دیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی سیکریٹری خزانہ کی منظوری کے بعد اس سلسلے میں باقاعدہ مراسلہ اسٹیبلیشمنٹ ڈویژن کو بھیجا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ طریقہ کار کے تحت اسٹیبلشمنٹ ڈویژن وفاقی کابینہ سے منظوری لینے کے بعد اس سلسلے میں مزید کارروائی کرے گا۔ذرائع کے مطابق اگر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے اس ضمن میں وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد مزید کارروائی کی تو سرکاری ملازمتیں کم ہو جائیں گی۔وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے اکتوبر 2019میں کہا تھا کہ حکومت 400محکمے ختم کررہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا تھا کہ نوکریاں دیں گے تو معیشت بیٹھ جائے گی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرجاری کردہ اپنے ایک پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ حیران ہوں ہر بیان کو کیسے سیاق و سباق کے بغیر سرخی بنا دیا جاتا ہے۔وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا تھا کہ میں نے کہا تھا کہ نوکریاں حکومت نہیں پرائیوٹ سیکٹر دیتا ہے اورحکومت نے ماحول بنانا ہے۔وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں حکومتیں چھوٹی ہوتی جارہی ہیں۔
#/S