لاہور ہائیکورٹ : کرونا وائرس سے بچائو کی اشیاء اور ادویات کی مہنگے داموں فروخت , ڈریپ کو جواب جمع کروانے کیلئے 6 جولائی تک کی مہلت
لاہور 2 جولائی ( وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سینیٹائزر، ماسک ادویات مہنگے داموں فروخت کیخلاف درخواست پر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے جمعرات کو بھی جواب جمع نہیں کروایا گیا۔جس پرعدالت نے ڈریپ کو جواب جمع کروانے کیلئے 6 جولائی تک کی مہلت دیدی۔جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے جوڈیشل ایکٹیو ازم پینل کی طرف سے اظہر صدیق کی دائر درخواست پر سماعت کی۔ عدالت کے روبرو درخواست گزار وکیل نے موقف اختیار کیا کہ کرونا وائرس تیزی سے ملک میں پھیل رہا ہے، اس سے بچاؤ کے لئے سینیٹائزر، ماسک اور ادویات مہنگے داموں فروخت کی جا رہی ہیں، حکومتی ادارے ادویات اور دیگر اشیاء سستے داموں فروخت کے انتظامات نہیں کررہے، درخواست گزار نے کہا کہ کرونا وائرس سے بچائو کی اشیاء اور ادویات عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوگئی ہیں۔ لہٰذا عدالت اس صورتحال کا نوٹس لے۔