ایران میں 6.1 شدت کا زلزلہ، 5 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
ایران کے جنوبی علاقے میں زلزلے سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے، متحدہ عرب امارات میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ عرب میڈیا کے مطابق ایران کے جنوبی علاقے میں زلزلے سے 5 افراد جاں بحق اورمتعدد زخمی ہوگئے، زلزلے کی شدت ریکٹراسکیل پر6.1 تھی، زلزلے سے متعدد گھر تباہ ہوگئے اورسڑکیں ٹوٹ گئیں، علاقے میں 6.3 شدت کے آفٹر شاکس بھی محسوس کئے گئے۔ ایرانی ایمرجنسی محکمے کے حکام نے بتایا ہے کہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیمیں پہنچنا شروع ہوگئی ہیں اورزلزلے سے متاثرین کے لئے امدادی خیمے نصب کئے جارہے ہیں۔ دوسری جانب دبئی اورشارجہ سمیت متحدہ عرب امارت میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔