پاکستان میں کوئلے کی سالانہ پیداوار 3.5 ملین ٹن اور درآمد 4 تا 5 ملین ٹن ہے۔
پاکستان میں کوئلے کی سالانہ 3.5 ملین ٹن پیداوار حاصل کی جارہی ہے جبکہ سٹیل ‘ سیمنٹ اور بجلی کی پیداوار وغیرہ کے مختلف شعبوں کی ضروریات کی تکمیل کے لئے 4 تا 5 ملین ٹن کوئلہ درآمد کیا جا رہا ہے۔ وزارت پٹرولیم وقدرتی وسائل کے حکام کے مطابق پاکستان کوئلے کی ملکی ضروریات پوری کرنے کے لئے مختلف ممالک سے کوئلہ درآمد کرتا ہے جن میں افغانستان ‘ آسٹریلیا ‘ کینیڈا ‘ انڈونیشیا‘ جنوبی افریقہ اور امریکا سے درآمد کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئلے کی ملکی پیداوار میں اضافہ کے لئے کوئلے کی 19 نئی کانیں دریافت کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف عالمی وقومی اداروں کے اندازے کے مطابق ملک میں کوئلے کے ذخائر 186 ارب ٹن سے زائد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتوں نے کوئلے کی مقامی پیداوار بڑھانے کے لئے مختلف گیارہ سو کمپنیوں کو کان کنی کے اجازت نامے دیئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کوئلے کی مقامی پیداوار کے اضافہ سے درآمدات میں خاطر خواہ کمی آئے گی اور قیمتی زرمبادلہ کی بچت بھی ہوگی۔