وزیراعظم کے چھوٹے صاحبزادے حسن نواز بھی پاناما لیکس کی جے آئی ٹی کے سامنے پیش
ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے واجد ضیا کی سربراہی میں پاناما لیکس کی جے آئی ٹی کا اجلاس جوڈیشل اکیڈمی اسلام آباد میں تقریباً سات گھنٹے جاری رہا۔ وزیراعظم نوازشریف کے چھوٹے صاحبزادے حسن نواز پہلی بار جے آئی ٹی کے روبرو پیش ہوئے,کچھ دیر تاخیر کے بعد ان سے پوچھ گچھ کا سلسلہ شروع ہو گیا, اس موقع پر حسن نواز اہم دستاویزات بھی اپنے ساتھ لائے تاہم ان کے وکیل کو جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔ حسن نواز کا مشترکہ ٹیم کے سامنے بیان ساڑھے گیارہ بجے شروع ہوا جو شام پانچ بجے تک جاری رہا, جے آئی ٹی نے حسن نواز سے سپریم کورٹ کے تیرہ نکات پر مشتمل سوالنامہ کی روشنی میں بیان لیا, تقریباً سات گھنٹے پیشی کے بعد حسن نوازنے میڈیا سے گفتگو نہیں کی, انہوں ںے لیگی کارکنوں کے نعروں کا ہاتھ ہلا کر جواب دیا اور واپس روانہ ہو گئے۔ جوڈیشل اکیڈمی کے باہر نون لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جبکہ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے