پنجاب حکومت نے لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کیلئے اپنے وسائل سے ہزاروں میگاواٹ کے پاور پلانٹس لگائے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا ہے کہ لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کے جن کو بوتل میں بند کردیا ۔ اللہ کے فضل و کرم اور بے پایاں محنت کے باعث لوڈشیڈنگ کے اندھیرے دور ہو چکے ہیں۔شدید گرمی اور پن بجلی کی پیداوار میں کمی کے باوجود صارفین کو بجلی مل رہی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت نے لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کیلئے اپنے وسائل سے ہزاروں میگاواٹ کے پاور پلانٹس لگائے۔ ان کارخانوں سے بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو رہی ہے۔ پنجاب میں لگائے جانے والے چار گیس پاور پلانٹس میں قوم کے اربوں روپے بچائے گئے۔ شہبازشریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے ناسور سے نمٹنے کیلئے سیاسی و عسکری قیادت نے مل کر فیصلے کئے۔ آج پاکستان ایک پرامن ملک بن چکا ہے۔