کرپٹ عناصر موجود اور ان پر قابو کیلئے مسلسل جنگ جاری ہے۔ ڈیورچرڈسن
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو ڈیورچرڈسن نے تسلیم کیا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کو بدستور کرپشن سے بہت زیادہ خطرہ ہے، کرپٹ عناصر بدستور یہاں موجود اور ان پر قابو کیلئے مسلسل جنگ جاری ہے،قطری ٹی وی چینل کی ڈاکومینٹری میں ہونے والے انکشافات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے چونکہ ٹاپ لیول پر اقدامات انتہائی سخت کرلیے ہیں اس لیے کرپٹ عناصر نے جونیئر لیول سمیت دوسری چیزوں کو ہدف بنانا شروع کردیا ہے جن میں کیوریٹرز اور گراؤنڈز مین بھی شامل ہیں۔ ڈیورچرڈسن کا کہنا تھا کہ ہم اس مسئلے کو جانتے ہیں اور اپنی مسلسل جنگ جاری رکھے ہوئے ہیں، ہم ہمت نہیں ہاریں گے بلکہ ان کے خلاف لڑتے رہیں گے، اینٹی کرپشن یونٹ کے تمام تر اقدامات کے باوجود ٹیسٹ سمیت کرکٹ کے تمام فارمیٹس خطرے میں ہیں، انٹرنیشنل لیول پر ہماری جانب سے بے انتہا سختی کی وجہ سے ان کرپٹ عناصر نے اپنی لیگز شروع کردی ہیں، کرکٹ میں کرپشن کے حوالے سے تازہ ترین ڈاکومینٹری کے حوالے سے رچرڈسن کا کہنا تھا کہ ہم نے اسے اچھی طرح دیکھاہے مگر ہمیں کوئی بھی ایسا ثبوت نہیں ملا جس سے ہم سمجھتے کہ یہ کوئی کیس ہے۔