لاہورہائیکورٹ کے فیصلے میں کاغذات نامزدگی کالعدم قرار نہیں دیے گئے بلکہ الیکشن کمیشن کو ردوبدل کی ہدایت کی گئی ہے, ایڈیشنل سیکریٹری الیکشن کمیشن
الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر اختر نذیر نے اجلاس میں ہونے فیصلوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں تمام ریٹرننگ افسران چار جون تک نامزدگی فارمز وصول نہیں کریں گے، تاہم عام انتخابات کا انعقاد رواں سال پچیس جولائی کو ہی ہو گا۔عدالت عظمیٰ کے فیصلے یا حکم کے بعد ریٹرننگ افسران کو نئی ہدایات جاری کی جائیں گی۔ اخترنذیر نے کہا کہ لاہورہائیکورٹ کے فیصلے میں نامزدگی فارم کالعدم قرار نہیں دیے گئے بلکہ الیکشن کمیشن کو رد و بدل کی ہدایت کی گئی ہے،معاملے پرقانونی رہنمائی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیوں پر بلوچستان ہائیکورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔اخترنذیر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے حال ہی میں ہونے والی تعیناتیوں کا بھی سختی سے نوٹس لیا ہے، اس سلسلے میں متعلقہ حکومتوں سے بھی وضاحت طلب کی گئی۔ کوئی بھی نگران حکومت یا اتھارٹی الیکشن ایکٹ کے تحت الیکشن کمیشن کی پیشگی اجازت کے بغیر کسی بھی سرکاری ملازم کی تعیناتی یا تبادلہ نہیں کر سکتی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن کمیشن سول اور پولیس افسران کے مرکز اور صوبوں یا بین الصوبائی تبادلوں اور تعیناتیوں کے حوالے سے اگلے دو روز میں احکامات جاری کرے گا۔