او آئی سی رکن ممالک توہین رسالت ۖ کے معاملے پر سخت موقف اپنائیں، وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں پر زور دیا ہے کہ وہ توہین رسالت کے خلاف مضبوط موقف اپنائیں۔ اسلامی تعاون تنظیم کے چودہویں سربراہ اجلاس سے اپنے خطاب کے دوران انہوں نے او آئی سی پرزور دیا کہ مسلم دنیا کا نمائندہ ہونے کے ناطے اس کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ توہین رسالت کے معاملے پر سخت موقف اپنائے۔ عمران خان نے خصوصاً پرتشدد انتہاپسندی کو اسلام کے ساتھ جوڑنے اور اسلامی دہشت گردی اور اسلامی انتہاپسندی جیسی اصطلاحات کے استعمال سمیت اسلام مخالف پروپیگنڈے کو زائل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جدوجہد کو دہشت گردی کے ساتھ جوڑ کر ان کی قانونی حیثیت ختم نہیں کرنی چاہئے۔ وزیراعظم نے پاکستان کی طرف سے فلسطین کے مسئلے کے دوریاستی حل کی غیرمتزلزل حمایت کا بھی اعادہ کیا اور کہا کہ بیت المقدس فلسطین کا دارالحکومت ہونا چاہئے اور گولان کی پہاڑیوں پر بھی شام کی ملکیت ہونی چاہیے۔